نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو اتر پردیش کے بلند شہر میں 19 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ مودی دوپہر تقریباً 1.45 بجے بلند شہر میں ریل، سڑک، تیل اور گیس و شہری ترقی اور ہاؤسنگ جیسے کئی اہم شعبوں سے متعلق پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم شام تقریباً 5.30 بجے جے پور میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میخواں کا استقبال کریں گے۔ وہ مسٹر میخوان کے ساتھ شہر میں جنتر منتر، ہوا محل اور البرٹ ہال میوزیم سمیت ثقافتی اور تاریخی اہمیت کے حامل مختلف مقامات کا دورہ کریں گے۔
بلند شہر میں وزیر اعظم ریلوے کے ڈیڈی کیٹڈ فریٹ کاریڈور (ڈی ایف سی) پر نیو خورجہ - نیو ریواڑی کے درمیان 173 کلومیٹر طویل ڈبل لائن والی بجلی کاری کئے گئے سیکشن کا افتتاح کریں گے۔ وہ دونوں اسٹیشنوں سے مال گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھا کر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ قوم کو وقف کریں گے۔ یہ نیا ڈی ایف سی سیکشن بہت اہم ہے، کیونکہ یہ مغربی اور مشرقی ڈی ایف سیزکے درمیان اہم رابطہ قائم کرتا ہے۔ مزید یہ کہ یہ سیکشن انجینئرنگ کے اپنے نمایاں کارنامے کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔ اس میں ایک کلومیٹر لمبی ڈبل لائن ریل سرنگ ہے، جس میں ہائی رائز الیکٹریفیکیشن ہے، جو دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی سرنگ ہے۔ یہ سرنگ بغیر کسی رکاوٹ کے ڈبل اسٹیک کنٹینر ٹرینوں کو چلانے کے لیے بنائی گئی ہے۔ یہ نیا ڈی ایف سی سیکشن ڈی ایف سی ٹریک پر مال گاڑیوں کی منتقلی کی وجہ سے مسافر ٹرینوں کے آپریشن کو بہتر بنانے میں مدد کرے گا۔
اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم متھرا - پلول سیکشن اور چپیانہ بزرگ - دادری سیکشن کو جوڑنے والی چوتھی لائن کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے۔ یہ نئی لائنیں قومی دارالحکومت کے جنوبی مغربی اور مشرقی ہندوستان سے ریل رابطے کو بہتر بنائیں گی۔ مودی کئی سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ ان پروجیکٹوں میں علی گڑھ تا بھدواس چار لیننگ کا کام پیکیج-1 (قومی شاہراہ 34 کے علی گڑھ-کانپور سیکشن کا حصہ)، شاملی (قومی شاہراہ -709 اے) کے راستے میرٹھ سے کرنال کے راستے کو چوڑا کرنا اوراین ایچ-709 اے ڈی پیکج – II کے شاملی -مظفر نگر سیکشن کو چار لین بنانا شامل ہے۔ یہ سڑک منصوبے ہیں، جو 5000 کروڑ روپے سے زیادہ کی مجموعی لاگت سے تیار کیے گئے ، یہ روڈ پروجیکٹ کنیکٹی وٹی کو بہتر بنائیں گے اور خطے میں اقتصادی ترقی میں مدد کریں گے۔
پروگرام کے دوران وزیر اعظم انڈین آئل کی ٹونڈلا-گاوریا پائپ لائن کا بھی افتتاح کریں گے۔ جسے تقریباً 700 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا، یہ 255 کلومیٹر طویل پائپ لائن پروجیکٹ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کیا گیا ہے۔ یہ پروجیکٹ متھرا اور ٹونڈلا میں پمپنگ کی سہولیات اور ٹنڈلا، لکھنؤ اور کانپور میں ڈلیوری سہولیات کے ساتھ برونی- کانپور پائپ لائن کے ٹونڈلا سے گاوریا ٹی پوائنٹ تک پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل میں مدد کرے گا۔