نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے روزگار میلہ کے تحت نئے شامل ہونے والے 1 لاکھ سے زیادہ تقرر نامے تقسیم کئے۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے نئی دہلی میں مربوط کمپلیکس 'کرمایوگی بھون' کے فیز I کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ یہ کمپلیکس مشن کرمایوگی کے مختلف ستونوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے نوجوانوں اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ "آج 1 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے لیے تقرری خط دیے گئے ہیں۔ آپ نے یہ کامیابی سخت محنت سے حاصل کی ہے۔ میں آپ سب کو اور آپ کے اہل خانہ کو بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں"۔
نوکریاں دینے میں تاخیر پر پچھلی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ "حکومت ہند میں نوجوانوں کو نوکری دینے کا حق مسلسل تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔ پہلے کی حکومتوں میں ملازمت کے اشتہار سے لے کر تقرری کے خطوط کے اجراء تک بہت وقت لگتا تھا۔ اس تاخیر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس دوران رشوت ستانی کا کھیل بھی عروج پر تھا۔ اب ہم نے حکومت ہند میں بھرتی کے عمل کو مکمل طور پر شفاف بنا دیا ہے۔"