گیا، پٹنہ:آج بہار کی پانچ نشست کشن گنج، کٹیہار، پورنیہ، بھاگلپور اور بانکا کی نشست پر ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کشن گنج میں 9 بجے تک 7.5 فیصد، کٹیار میں 13.75 فیصد ، پورنیہ میں 9.36 فیصد ، بھاگلپور میں9 فیصد اور بانکا میں 9.5 فیصد ووٹنگ ہوچکی ہے۔ سب سے زیادہ کٹیہار میں اب تک ووٹنگ ہوچکی ہے جب کہ سب سے کم کشن گنج میں ووٹنگ ہوئی ہے۔ کٹیار لوک سبھا سیٹ سے کل 9 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ جس میں پانچ بار کے رکن پارلیمنٹ طارق انور پھر سے کانگریس کے ٹکٹ پر قسمت آزما رہے ہیں۔ جب کہ ان کے مد مقابل جے ڈی یو کے موجودہ ایم پی دلال چند گوسوامی ہیں۔ یہاں براہ راست ان کا مقابلہ جے ڈی یو سے ہی ہے۔ دلال چند سے 2019 کا پارلیمانی انتخاب طارق انور ہارے تھے لیکن اس بار گوسوامی کو سخت مقابلہ کا سامنا ہے۔
جب کہ کشن گنج میں سہ رکنی مقابلہ بتایا جارہا ہے یہاں سے کانگریس کے ٹکٹ پر موجودہ رکن پارلیمنٹ جاوید عالم امیدوار ہیں۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے امیدار اختر الایمان ہیں جب کہ جے ڈی یو سے ماسٹر مجاہد امیدوار ہیں۔ یہاں ان تینوں کے درمیان مقابلہ ہے۔ جب کہ پورنیہ کی سیٹ این ڈی اے اور انڈیا اتحاد کے مقابلے سے زیادہ آزاد امیدوار پپو یادو کی امیدواری کی چرچا ہے۔ یہاں کی لڑائی پورے انتخابی تشہیر کے دوران این ڈی اے بنام انڈیا اتحاد نہیں ہوا بلکہ یہاں تیجسوی یادو بنام پپویادو تشہیری مہم رہی ہے۔ یہاں بھی مقابلہ سہ رکنی ہی ہے۔ آر جے ڈی سے امیدوار بیما بھارتی ہیں جب کہ جے ڈی یو سے موجودہ ایم پی کوشواہا ہیں اور آزاد امیدوار پپو یادو ہیں۔