جموں (محمد اشرف گنائی): آرمی کے دو جوان کیپٹن کرم جیت سنگھ بخشی اور نائیک مکیش منگل کو جموں و کشمیر کے اکھنور سیکٹر میں گشت کے دوران ایک آئی ای ڈی دھماکے میں ہلاک ہوگئے۔
مکیش کی سنگھ کی 18 اپریل کو شادی طے تھی
نائیک مکیش سنگھ سانبہ ضلع کے گاؤں کمیلا کے رہنے والے تھے۔ مکیش سنگھ کی 18 اپریل 2025 کو شادی طے تھی اور ان کے گھر والے شادی کی تیاریوں میں مصروف تھے، لیکن مکیش 11 فروری کو دوپہر تقریباً 3:50 بجے اس وقت اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب عسکریت پسندوں نے جموں کشمیر کے اکھنور سیکٹر میں ایل او سی کے قریب ایک آئی ای ڈی کے ساتھ گشتی دستے کو نشانہ بنایا۔ اس سال سکیورٹی فورسز کی یہ پہلی ہلاکت تھی۔
مکیش سنگھ کے والد ایک ریٹائرڈ پولیس اہلکار ہیں۔ مکیش اپنی شادی کی تیاریاں دیکھنے کے لیے 25 فروری کو گھر آنے والے تھے۔ گھر کے لوگ بیٹے کی شادی کی تیاریوں میں مصروف تھے۔ اسی بیچ آئی ان کی موت کی خبر نے سب کو سخت صدمے میں ڈال دیا۔
گاؤں کے سرپنچ نے کہا کہ مکیش کی موت کی المناک خبر کے بعد پورا گاؤں غم میں ڈوبا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکیش نے 11 سال فوج میں خدمات انجام دی ہیں، اور ان کے بڑے بھائی آج بھی فوج میں ہیں۔ ان کے والد ریٹائرڈ پولیس افسر ہیں۔ اس کے گھر والے شادی کی تیاریوں میں مصروف تھے کیونکہ اس کی شادی اس سال 18 اپریل کو ہونی تھی۔
مکیش کے ایک پڑوسی نے بتایا کہ کچھ دن پہلے مکیش ان کے گھر آیا تھا اور شادی سے پہلے اپنے گھر کی سجاوٹ کے لیے ٹائلیں، فرنیچر اور دیگر سامان لے لے کر گیا۔ مکیش کی آخری رسومات فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی جائیں گی۔
کیپٹن کرم جیت سنگھ بخشی کی پانچ اپریل کو شادی طے تھی
اس دھماکے میں ہلاک ہوئے دوسرے جوان کیپٹن کرم جیت سنگھ بخشی عرف پنیت جھارکھنڈ کے ہزاری باغ میں جھولو پارک کے رہنے والے تھے۔ وہ اجیندر سنگھ بخشی اور نیلو بخشی کے اکلوتے بیٹے تھے۔
اہل خانہ کے مطابق جموں و کشمیر کے اکھنور میں ایل او سی پر تعینات سردار کرم جیت سنگھ بخشی کی پانچ اپریل کو شادی ہونی تھی۔ اس کی تیاری کے لیے وہ 10 دن پہلے ہی ہزاری باغ آئے ہوئے تھے۔ شادی طے ہونے کے بعد وہ ڈیوٹی پر واپس کشمیر چلے گئے۔ اہل خانہ کے مطابق شادی کی کچھ رسومات 29 مارچ کو ہزاری باغ میں ادا کی جانی تھیں۔ اس کے بعد جموں میں ہی پانچ اپریل کو شادی ہونی تھی۔ اسی دوران ان کی موت کی خبر سن کر پورا خاندان صدمے میں ہے۔
اس سے قبل بدھ کے روز فوج نے کیپٹن کرم جیت سنگھ بخشی اور نائیک مکیش کو خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے جموں اور کشمیر کے اکھنور میں اپنی جانیں قربان کر دیں۔ چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) جنرل اوپیندر دویدی نے ایک پیغام میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی بہادری اور قربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ فوج نے اس مشکل گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے تئیں تعزیت پیش کرتے ہوئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔