ممبئی: پرافٹ فار آل مہم کے زیر اہتمام ممبئی کے اسلام جمخانہ میں غیر سرکاری تنظیموں اور معاشرے کی بااثر شخصیات کو مدعو کیا گیا غیر سرکاری تنظیم کے سربراہان کو اس لئے مدعو کیا گیا تھا کہ 12 ربیع الاول کے پیش نظر پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات، ان کی احادیث انسانیت کو لیکر ان کی تعلیمات کیا تھیں اسے ان غیر سرکاری تنظیموں کے سربراہان کے ذریعہ غیر مسلمین تک پہنچائی جائیں تاکہ اُنہیں اسلام اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے بارے میں صحیح جانکاری مل سکے۔
پرافٹ فار آل مہم کے زیر اہتمام اسلام جمخانہ میں غیر سرکاری تنظیموں کی شرکت - Prophet for All Campaign - PROPHET FOR ALL CAMPAIGN
ریاست مہاراشٹر کے دار الحکومت ممبئی کے اسلام جمخانہ کی جانب سے تین قبل ''پرافٹ فار آل'' مہم شروع کی گئی تھی جس کا مقصد غیر مسلموں تک حضور خاتم النبینﷺ کی تعلیمات کو پہنچانا تھا۔ تین سال سے یہ مہم کامیابی سے جاری ہے۔
Published : Aug 27, 2024, 3:08 PM IST
اسلام جمخانہ کے چیئرمین یوسف ابراہنی نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیموں کی رسائی ہر خاص و عام تک ہے اس لئے اس سے بہتر اور کوئی ذریعہ نہیں ہو سکتا۔ ہم نے انہیں اس لیے مدعو کیا کہ غیر سرکاری تنظیمیں بھی اپنے اپنے سطح پر ایسے کام کریں جس سے لوگوں میں بیداری پیدا ہو اور لوگوں کو اسلام سے متعلق جو غلط فہمی ہے وہ دور ہو۔
اُنہوں نے کہا کہ سیاسی شخصیات کو بھی ہم نے آج مدعو کیا اور اُنہیں اس بات پر زور دیا کہ وہ اسمبلی حلقے میں سرکاری دفاتر، پولیس تھانے اور بلدیہ میں موجود غیر مسلم ملازمین کو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت پر تحفے تحائف پیش کریں۔ اُنہیں بتائیں کہ تحفہ دینا بھی سنت نبوی ہے۔ اس کے علاوہ اپنے اپنے حلقے میں بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کریں تاکہ دور حاضر میں بلڈ کا عطیہ کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو اور اس طرح سے بلڈ ڈونیشن کے ذریعے بھی ہم ہر اس انسان کی مدد کر سکتے ہیں جسے اس کی ضرورت ہو۔ اس اجلاس میں 50 سے زائد غیر سرکاری تنظیموں کے سربراہان نے شرکت کی جن کا تعلق ممبئی کے متعدد علاقوں سے ہے۔