ممبئی:ریاست مہاراشٹر کے ممبئی کے دیونار علاقے میں دیونار مذبح خانہ اور منڈی واقع ہے۔ دیونار منڈی میں عید الاضحٰی کے موقعے پر مویشیوں کا بڑا بازار لگتا ہے۔ اس بازار کی ساری تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ پانچ جون سے بازار کو مویشیوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔
دیونار مذبح خانہ اور اس منڈی کے انچارج ڈاکٹر کلیم پاشا پٹھان نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہر برس بقرعید کے موقعے پر اس منڈی کا انتظام و انصرام یہاں کے ذمہ داران اور اس منڈی سے وابستہ محکمے کے لیے بڑا چلینج ہوتا ہے۔ یہی سبب ہے کہ اس کی تیاری گزشتہ 6 سے 8 ماہ قبل ہی کرنی ہوتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر، گجرات، مدھیہ پردیش اتر پردیش جیسی ریاستوں سے تاجر ہزاروں کی تعداد میں قربانی کے جانوروں کے ساتھ یہاں بڑے پیمانے پر آتے ہیں۔اس لئے منڈی کے علاوہ دوسرے محکمہ کے ذمہ داران بھی مستعد رہتے ہیں۔