مرادآباد: حج کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ اگر کوئی مسلمان حج کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت رکھتا ہو تو اسے زندگی میں کم از کم ایک بار حج ضرور کرنا چاہیے۔ گزشتہ برسوں کے مقابلے اس بار حج پر جانے والے عازمین کی تعداد میں کمی آئی ہے۔
حج کے سفر پر جانے کے لیے درخواست دینے کی اخری تاریخ گزر چکی ہے۔ مرادآباد کی بات کریں تو پچھلی مرتبہ یہاں سے تقریباً 3100 لوگوں نے حج کے لیے درخواست دی تھی اور ان میں سے 2500 لوگ حج کے بابرکت سفر پر گئے تھے، لیکن اس مرتبہ یہ تعداد بہت کم ہے۔ حج ٹرینر اور علماء کرام اس کے پیچھے عمرے کا بڑھتا رواج اور مہنگائی کو ذمہ دار مانتے ہیں۔
اس اہم مسئلے پر مرادآباد کے مفتی دانش القادری نے کہا کہ کم علمی کے باعث لوگ حج کو عمرے پر ترجیح دے رہے ہیں، انہوں نے کہا اس طرح کا رواج پیدا کرنا سراسر غلط ہے۔ حج ہر مسلمان پر فرض ہے مگر جو لوگ حج کی استطاعت بھی رکھتے ہیں وہ عمرے کے لیے جا رہے ہیں یہ فکر کی بات ہے۔ حج پر جانا ایک مقدس عمل ہے مگر کم علمی اور شہرت پانے کے لیے لوگ عمرے کو حج پر ترجیح دے رہے ہیں جس پر توجہ اور فکر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حج پر جانا فرض ہے، اس لیے جو لوگ حج کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت رکھتے ہیں وہ حج پر جائیں۔