لکھنو: ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت کرتے ہوئے مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ عید الفطر کے متعلق تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ لکھنؤ پولیس انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے۔ اس میں واضح طور پہ کہا گیا ہے کہ سکیورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی مونسپل کارپوریشن اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ بھی میٹنگ ہوئی۔ اس میں بجلی پانی صاف صفائی پر زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ریاست بھر کے مسلمانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ عید الفطر کی نماز سڑک پر ادا نہ کریں۔ اس سے آنے جانے والوں کو پریشانیوں کا سامنا رہے گا۔ لہذا ضلع انتظامیہ کی مدد کریں اور کسی قسم کا خلفشار برپا نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید الفطر انعام کا دن ہوتا ہے لہذا فلسطین کے مظلوموں کے لیے بھی دعا کریں اور یہ دعا کریں کہ فلسطین اور اسرائیل کے بیچ جاری جنگ کا خاتمہ ہو۔