وائناڈ: کیرالہ کے وائناڈ ضلع میں میپاڈی کے قریب مختلف پہاڑی علاقوں میں منگل کی صبح بڑے پیمانے پر ہوئی لینڈ سلائیڈنگ 125 لقمہ اجل بن گئے۔ اس واقعے میں کم از کم 116 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اب بھی کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ این ڈی آر ایف اور کیرالہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ٹیمیں بچاؤ اور راحت رسانی کے کاموں میں مصروف ہیں۔ امدادی اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے ایک بیان میں اس واقعے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اسی کے ساتھ انہوں نے ریسکیو آپریشن سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کے لیے 118 رلیف کیمپوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
وہیں وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی بڑے پیمانے پر ہوئی اموات پر دکھ کا اظہار کیا اور ریاست کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین سے فون پر بات کی۔ انہوں نے تازہ صورت حال اور ریسکیو اور رلیف آپریشن سے متعلق جانکاری لی۔
غور طلب ہے کہ کیرالہ کے وائناڈ ضلع میں موسلادھار بارش جاری ہے۔ دریں اثنا منڈکئی قصبہ میں آج علی الصبح لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ اس کے بعد 4.10 بجے کے قریب کلپٹہ میں بھی لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس میں کئی گھر کے لوگ پھنس گئے ہیں۔ ویتھیری تعلقہ، ویلاریمالا گاؤں، میپڈی پنچایت لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوئے ہیں۔ وہیں چورمالا سے منڈکئی تک سڑک بہہ گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جن لوگوں کو ہنگامی امداد کی ضرورت ہے وہ ان دو نمبروں 9656938689 اور 8086010833 کے ذریعے حکام سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
معلومات کے مطابق چورمالا شہر میں بھی شدید نقصان ہوا ہے۔ کیرالہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (کے ایس ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ فائر بریگیڈ اور این ڈی آر ایف کی کئی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں تعینات کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ این ڈی آر ایف کی ایک اضافی ٹیم کو وائناڈ بھیجا گیا ہے۔
کے ایس ڈی ایم اے کی جانب سے فیس بک پر ایک پوسٹ کے مطابق کنور ڈیفنس سکیورٹی کور کی دو ٹیموں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بچاؤ کی کوششوں میں مدد کے لیے وائناڈ جائیں۔ متاثرہ علاقوں کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ شدید بارشوں کے باعث امدادی کاروائیوں میں مشکلات کا سامنا درپیش ہے۔
وزیر اعظم ریلیف فنڈ سے رقم دینے کا اعلان