این سی پی کی پارلمینٹری بورڈ میٹنگ میں کئی اہم فیصلے (ETV Bharat) مالیگاؤں: مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ضلع صدر آصف شیخ رشید کی جانب سے ان کی رابطہ آفس پر پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں انہوں نے لوک سبھا چناؤ اور پارلیمنٹری بورڈ مٹینگ سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
اس موقعے پر آصف شیخ رشید نے کہا کہ ہم انڈیا الائنس میں پہلے سے ہی شامل ہیں اور ہم روز اول سے مضبوط سیکولر امیدوار کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں تاکہ مالیگاؤں، دھولیہ لوک سبھا حلقہ سے سیکولر امیدوار کامیاب ہوسکیں۔ اب جب کہ کانگریس پارٹی کی نامزد امیدوار اور انڈیا الائنس کی شوبھا تائی بچھاؤ کو امیدوار بنایا گیا ہے اور ان کا مقابلہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سبھاش بھامرے سے ہے۔
اس چناؤ میں جمہوریت کی بقاء کے لیے ہمیں میں 20 مئی کو سو فیصد ووٹنگ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے شہر بھر میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے جہاں جہاں ورکر ہیں، کارپوریٹر ہیں وہاں ہم زمینی سطح پر بوتھ وائز کام شروع کررہے ہیں۔
آصف شیخ نے مزید کہا کہ اس طرح کا فیصلہ ہم نے آج راشٹروادی کانگریس پارٹی پارلیمنٹری بورڈ کی میٹنگ میں طے کیا ہے۔ ہمارے ورکر اور کارپوریٹر عوام کی مدد کے لیے تیار رہیں گے۔ ووٹر سلپ کی تقسیم کا جائزہ لیا جائے گا۔ جنہیں ووٹر سلپ نہیں ملی انہیں ووٹر سلپ دی جائے گی۔
انہوں نے مذید کہا کہ آج ووٹر لسٹ میں جن خامیوں کی نشاندہی ہوئی ہیں وہ ایک سازش کے تحت جان بوجھ کر کی گئی ہیں تاکہ مسلم ووٹوں کا فیصد کم ہو سکے۔ لیکن ہم ووٹنگ فیصد بڑھانے کے لیے جلسہ جلوس سے اوپر اٹھ کر عوام کے بیچ محنت کریں گے۔ پولنگ بوتھ وائز ووٹر لسٹ کے مطابق ووٹرز کو مدد کریں گے۔
آصف شیخ نے کہا کہ الیکشن سے دو روز قبل ہی پولنگ سینٹر کے باہر منڈپ لگا کر ووٹر کے لیے ووٹر سلپ، شامیانے کا نظم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پنکھے اور پانی وغیرہ کا بھی نظم کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں آصف شیخ نے کہا کہ مرکز سے بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہمارا مقصد ہے۔ ہم دستور کی حفاظت کے لیے انڈیا الائنس میں شامل ہیں، ہمارا مقصد صرف یہ ہے کہ آج سیکولر امیدوار کو ووٹ دے کر کامیاب کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: