ممبئی: مہاراشٹر حکومت نے اتوار کو ریاستی سرکاری ملازمین کے لیے یونیفائیڈ پنشن اسکیم (یو پی ایس) کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ریاستی کابینہ نے اس سلسلے میں فیصلے کو حتمی منظوری دے دی۔
غور طلب ہے کہ مرکزی کابینہ نے ہفتہ کو 1 جنوری 2004 کے بعد سروس میں شامل ہونے والے 23 لاکھ سرکاری ملازمین کو نیشنل پنشن سسٹم (این پی ایس) کے تحت تنخواہ کا 50 فیصد بطور یقینی پنشن دینے کی منظوری دی تھی۔ یونیفائیڈ پنشن اسکیم (یو پی ایس) کے تحت سرکاری ملازمین ریٹائرمنٹ سے قبل گزشتہ 12 ماہ میں پنشن کے طور پر موصول ہونے والی اوسط بنیادی تنخواہ کا 50 فیصد وصول کر سکیں گے۔ تاہم تنخواہ کا 50 فیصد پنشن کے طور پر حاصل کرنے کے لیے کم از کم سروس کی مدت 25 سال درکار ہے۔
اس سلسلے میں ایک اہلکار نے بتایا کہ مہاراشٹر کابینہ کے فیصلے کے مطابق مربوط پنشن اسکیم اس سال مارچ سے نافذ ہو جائے گی اور ریاستی حکومت کے تمام ملازمین اس کے فوائد حاصل کر سکیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر اسمبلی کی میعاد اس سال نومبر میں ختم ہو رہی ہے۔ ایسے میں اکتوبر نومبر میں اسمبلی انتخابات ہونے کا امکان ہے۔