لکھنؤ: رمضان المبارک کے آمد کے پیش نظر مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن، عیش باغ عیدگاہ کے شاہی امام مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 11 مارچ کو تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ چاند دیکھنے کا اہتمام کریں، اگر چاند 11 مارچ کو نظر آتا ہے تو اسی دن سے تراویح شروع ہو جائے گی۔
اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ عیش باغ عیدگاہ میں خواتین کے لیے تراویح کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، عشاء کی اذان 7:45 پر ہوگی جب کی عشا کی جماعت 8 بجے ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ہم سبھی کو چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ عبادت کریں، غریبوں کی مدد کریں اور زکوۃ کے پیسے کو صحیح جگہ پہنچائیں۔ انہوں نے رمضان المبارک کے تعلق سے ایڈوائزری بھی جاری کی ہے اور سبھی مسلمانوں سے اپیل کیا ہے کہ رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ عبادت کریں دعا اور استغفار کریں۔
انہوں نے رمضان ایڈوائزری میں کہا ہے کہ روزہ اور دیگر عبادات کے صحیح ہونے کے لیے مسائل کا جاننا ضروری ہے۔ اس کے بغیر خدا کی عبادت کا حق ادا نہیں ہو سکتا۔ قرآن پاک میں اہل ایمان کو کہا گیا کہ اگر تم کسی چیز کے بارے میں نہیں جانتے تو اہل علم سے پوچھ لو۔
ان خیالات کا اظہار ناظم دارالعلوم فرنگی محل مولانا خالد رشید فرنگی محلی امام عیدگاہ لکھنؤ اور چیئرمین اسلامک سنٹر آف انڈیا نے آج دارالعلوم فرنگی محل میں "رمضان ہیلپ لائن" کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک سنٹر آف انڈیا کے تحت رمضان ہیلپ لائن سال 2002 میں حضرت مولانا احمد میاں فرنگی محلی کی نگرانی میں قائم کی گئی تھی۔