گیا : ضلع گیا میں بھارت بند کا کچھ جگہوں پر زبردست اثر ہے۔ بندی کی وجہ سے اسکولوں نے بھی تعطیل کر دی ہے۔ صبح نو بجے کے بعد دلت برادریوں کی تنظیموں کے کارکنان و رہنما سڑکوں پر اتر کر احتجاج کررہے ہیں۔ چونکہ گیا ضلع میں احتجاج اسلیے بھی اہم ہے کیونکہ مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی کا تعلق ضلع گیا سے ہے اور وہ ریزرویشن میں جائزہ لینے کے حمایتی ہیں۔ اُنہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو بہتر بتایا تھا، یہی وجہ ہے کہ آج سڑکوں پر اترے تنظیموں کے نمائندوں کی جانب سے مرکزی حکومت کی تنقید کے ساتھ سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ جیتن رام مانجھی کو بنایا جارہا ہے۔
گیا ضلع میں بھارت بند کا اثر، سڑکوں پر پسماندہ طبقہ کی جانب سے احتجاج - Impact of Bharat Bandh in Gaya
گیا ضلع میں بھارت بند کا اثر ہے۔ آج ریزرویشن میں درجہ بندی اور کریمی لیئر پر جائزہ کے فیصلے کی مخالفت میں ہنگامہ آرائی ہے۔ گیا میں کئی جگہوں پر سڑکوں پر ٹائر جلاکر احتجاج کیا جارہاہے
Published : Aug 21, 2024, 2:28 PM IST
اس دوران احتجاج کررہے رہنماؤں نے مرکزی وزیر جیتن مانجھی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ' مانجھی جس ریزرویشن کو دس برسوں میں جائزہ لینے کی باتیں کررہے ہیں دراصل وہ سیاست کے ریزرویشن کا معاملہ ہے، مانجھی کو آئین کا علم نہیں ہے۔ وہ خود چالیس برسوں سے سیاست میں ہیں کیوں نہیں اپنا جائزہ لیتے کہ وہ غریب پچھڑے دلتوں کا حق مار رہے ہیں، انہوں نے آج تک کس دلت برادریوں کو فائدہ پہنچایا ہے، مانجھی صرف اپنے کنبہ کو بڑھانے کیلئے جد وجہد کرتے ہیں۔ جسکے جائزے کے لیے بابا صاحب نے کہا ہے اس پر تو وہ چالیس برسوں سے ہیں، اس پر وہ باتیں نہیں کریں گے۔
درجہ بندی قبول نہیں
بندی کے دوران احتجاج کر رہے مختلف تنظیموں کے رہنماؤں نے کہا کہ ریزرویشن میں درجہ بندی اور کریمی لیئر قابل قبول نہیں ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کی مخالفت میں آج پورے ملک کے ایس سی ایس ٹی او بی سی مول نواسی سڑکوں پر ہیں۔ سپریم کورٹ ہمارے ریزرویشن میں مداخلت کر رہا ہے۔ بہوجن سماج اس کو برداشت نہیں کرے گا لیکن سپریم کورٹ اپنے یہاں کالجیم سسٹم کو ختم نہیں کررہا ہے۔ ہمارے حق کو مارنے کی کوشش ہے۔ اسلیے سپریم کورٹ کو خود فیصلہ کو واپس لینا چاہئے۔
گیا میں سڑکوں پر آگ زنی
ضلع میں کئی جگہوں پر سڑک جام کرایا گیا ہے۔ شہر میں دکانیں ساڑھے گیارہ تک پوری طرح بند نظر آئیں، گاڑیوں کی آمد و رفت کو بھی متاثر کیا گیا ہے، صرف ایمرجنسی گاڑیوں کو جانے کی اجازت ہے۔ شہر کے گیا کالج موڑ کے پاس سینکڑوں کی تعداد میں مشتعل افراد سڑک جام کرکے بیٹھے ہوئے ہیں اور اس دوران سڑکوں پر ٹائر جلا کر آگ زنی بھی کی گئی ہے۔ وہیں بندی کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ ضلع پولیس، رائٹ کنٹرول فورس اور نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ تھانہ انچارج سے لیکر ڈی ایس پی رینک کے افسران سڑکوں پر گشت کررہے ہیں۔ آج بندی اسلیے بھی زیادہ حساس ہے کیونکہ آج ہی سپاہی بھرتی کاامتحان ہورہاہے۔ کہیں ٹکراو کی صورتحال پیدا نا ہو اس وجہ سے ضلع پولیس محتاط ہے۔