حیدرآباد : امیرپیٹ ایکسائز پولیس نے سافٹ ویئر کمپنی کے چار ملازمین کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جو بنگلور سے منشیات لاکر شہر میں فروخت کررہے تھے۔ ان کے قبضہ سے 6.65 گرام ایم ڈی ایم اے منشیات، 2.27 گرام گانجہ، 8.57 گرام ہیش آئل اور ایک دو پہیہ گاڑی ضبط کی گئی۔ ایکسائز انسپکٹر کی تفصیلات کے مطابق کیرالہ سے تعلق رکھنے والے سنجے، سری جیت اور آدرش نامی نوجوان ایس آر نگر میں کارف ون گلوبل سلوشن نامی سافٹ ویئر کمپنی میں ملازم تھے، یہ سب آفس کے قریب بوائز ہاسٹل میں اکٹھے رہ رہے تھے۔
وہ منشیات کی لت میں مبتلا تھے اور اس کےلئے اجے نامی شخص کے رابطے میں آئے۔ انہوں نے آسانی سے پیسہ کمانے کے لیے منشیات کا کاروبار کرنے کا فیصلہ کیا اور حیدرآباد میں منشیات فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا۔ سری جیت، آدرش اور سنجے بنگلور سے منشیات لاکر حیدرآباد میں فروخت کررہے تھے۔ بوئن پلی کا اجے انہیں منشیات بیچ رہاتھا۔ پولیس کو قابل اعتماد ذرائع سے اطلاع ملی جس کے بعد ایکسائز پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کی کاروائی میں سب انسپکٹر رادھا، بالاراجو اور بکشا ریڈی نے حصہ لیا۔