سیکر: ضلع کے لکشمن گڑھ میں منگل کی دوپہر ایک تیز رفتار بس ایک پل سے ٹکرا گئی۔ سڑک حادثے میں 12 افراد کی موت ہو گئی، جب کہ 29 مسافر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو لکشمن گڑھ کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد کلکٹر مکل شرما اور پولیس سپرنٹنڈنٹ بھوون بھوشن کلیان اسپتال پہنچے اور زخمیوں کی جانکاری لی۔
لکشمن گڑھ تھانے کے اے ایس آئی رام دیو سنگھ نے بتایا کہ مسافروں سے بھری بس سالاسر سے نوال گڑھ جا رہی تھی۔ ادھر لکشمن گڑھ میں تیز رفتار بس اپنا توازن کھو بیٹھی اور پل سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں 5 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ 3 دیگر مسافروں نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ ساتھ ہی اس خوفناک سڑک حادثے میں 29 مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس نے زخمیوں کو لکشمن گڑھ کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا، جب کہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو مردہ خانہ میں رکھا گیا۔
اس دوران حادثہ کے بعد موقع پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ پل کے نیچے جاتے ہوئے بس اپنا توازن کھو بیٹھی۔ اس کے بعد بس پل سے ٹکرا گئی۔ لکشمن گڑھ پولس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
ناگور کے ایم پی ہنومان بینیوال نے اس حادثہ پر غم کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ خدا جاں بحق ہونے والوں کی روح کو سکون عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔