سرینگر (جموں کشمیر) :بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی جانب سے حالیہ دنوں پرائیوٹ اسکولوں کی ٹیگنگ کے معاملے پر جاری احکامات کے تناظر میں جموں و کشمیر اینڈ لداخ ہائی کورٹ نے باضابطہ طور بورڈ کے نام نوٹس جاری کیا ہے جس میں کورٹ نے خبردار کرکے بورڈ حکام کو عدالت کے پہلے جاری کئے گئے آرڈرز پر ہی عمل درآمد کرنے کو کہا ہے۔
اس حوالہ سے پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن جموں وکشمیر کے صدر جی این وار نے کہا کہ ہائی کورٹ نے جموں وکشمیر بورڈ کو خبردار کیا کہ وہ پہلے دئیے گئے آرڈرز پر عمل کریں اور بورڈ کو احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ مزکورہ پرائیوٹ اسکولوں کو آر آر جاری کریں۔ وار نے مزید کہا کہ عدالت عالیہ کے اس فیصلے سے پرائیوٹ اسکول انتظامیہ نے کافی حد راحت کی سانس لی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن ہائی کورٹ کے احکامات کو خاطر میں لائے گا تاکہ موجودہ غیر یقینی صورتحال سے بچوں اور والدین کو راحت نصیب ہو سکے۔