علیگڑھ:علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ) کے ریڈیو تھریپی شعبہ کے صدر پروفیسر محمد اکرم کو انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے معدے کے کینسر کی تشخیص اور کیموریڈیئیشن سے گزرنے والے مریضوں کے علاج سے متعلق 2.25 کروڑ روپئے کا ایک چار سالہ ریسرچ پروجیکٹ تفویض کیا ہے۔
اس پروجیکٹ کے تحت معدے کی ڈسبیوسس اور جی آئی کینسر، ایسوفیجیئل، کولون، غذائی نالی، بڑی آنت اور مقعد کی نالی کے کینسر کے درمیان پیچیدہ ربط پر تحقیق جائے گی۔ یہ پروجیکٹ انٹر ڈسپلینری ہے جس کے شریک محققین میں پروفیسر سلیم جاوید (شعبہ بایو کیمسٹری)، پروفیسر افضال انیس (شعبہ سرجری)، پروفیسر فاطمہ خان (شعبہ مائیکرو بایولوجی)، ڈاکٹر رقیہ افروز (شعبہ پیتھالوجی) اور ڈاکٹر حفظ الرحمٰن صدیق (شعبہ زولوجی) شامل ہیں۔
پروفیسر اکرم نے کہا کہ مائیکرو بیوم اور کینسر کے ربط پر حال ہی میں تین روزہ کانفرنس اور ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے 250 سے زائد محققین اور ماہرین شریک ہوئے۔ انھوں نے گزشتہ دو برسوں میں سر اور گردن کے کینسر اور نافچہ کے کینسر کے مریضوں میں پروبایوٹک سپلیمنٹ پر اپنی تحقیق کا بھی ذکر کیا، جو وہ آئی سی ایم آر پروجیکٹ کے تحت کررہے ہیں۔ مائیکرو بیوم اور کینسر کے تعلق پر ان کی ایک کتاب بھی زیر تصنیف ہے۔