گیا: بہار میں عید میلاد النبی کے موقع پر پٹنہ کے بعد سب سے بڑا جلوس ضلع گیا میں نکالا جاتا ہے۔ تاہم یہاں جس علاقے سے مرکزی جلوس نکالا جاتا ہے اور جہاں جس علاقے میں ختم ہوتا ہے، دونوں جگہوں کے علاقے میں برادران وطن کا بھی اس بار بڑا مجمع ہوگا۔ کیونکہ گیا میں پتر پکش میلہ شروع ہونے والا ہے۔ ہندو مذہبی عقیدے کے مطابق پتر پکش ایک خاص اہمیت کا حامل میلہ ہے اور اس میں لوگ اپنے مرحومین کی روح کی نجات و تسکین کے لیے پنڈدان کرنے آتے ہیں۔
پنڈدان ایک خاص مذہبی رسم اور پوجا ہے۔ بارہ ربیع الاول کا جلوس 16 ستمبر کو صبح 9 بجے شہر کے اقبال نگر محلے سے نکلے گا، جوکہ مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے جلوس شہر میں واقع خانقاہ چشتیہ منعمیہ ابوالعلائیہ رام ساگر پہنچ کر اختتام ہوگا، جلوس میں ہزاروں کا مجمع ہوتا ہے اور جس جگہ پر خانقاہ واقع ہے وہاں پر مسلمانوں کی آبادی نہیں ہے، یہ وہ علاقہ ہے جو پتر پکش میلے میں واقع ہے، وشنو پد سے متصل ہے اور اسی علاقے کی مختلف پنڈویدیوں میں ہندو فرقے کے لوگ پنڈ دان کرتے ہیں۔ اطلاع کے مطابق 16 ستمبر کو بارہ ربیع الاول کا جلوس نکلے گا اور 17 ستمبر کو پتر پکش میلے کا آغاز ہوگا۔
حفاظتی انتظامات ہوں گے پختہ
دو فرقوں کے پیش نظر ضلع انتظامیہ کی جانب سے خاص تیاری کی جارہی ہے، جلوس کو پرامن ماحول میں اختتام کرنے کیلئے سبھی کمیٹیوں کے ساتھ رابطہ کر تھانہ سطح پر تیاری کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے ایڈیشنل ایس پی پی این ساہو نے کہا کہ جلوس کے تعلق سے تیاریاں کی جارہی ہیں، پرامن ماحول میں جلوس نکالا جائے گا، جلوس کمیٹیوں کے ساتھ اس حوالے سے میٹنگ بھی کی جائے گی، پہلے سے طے شدہ راستوں سے ہی جلوس نکالے جائیں گے، چونکہ پتر پکش میلے کا ایک دن بعد باضابطہ آغاز ہوگا اسلیے خاص تیاری کی گئی ہے اور بڑی تعداد پولیس اہلکاروں کی تعیناتی ہوگی۔ اسلیے کوئی بڑا مسلہ نہیں ہے لیکن سماج دشمن عناصر پر سخت نگاہ ہوگی اور پہلے سے جن مقامات پر اگر کچھ معاملے پیش بھی آئے ہیں تو وہاں مقامی تھانہ کی پولیس کی بھی خاص نگاہ ہوگی۔