گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا کے پنچان پور میں واقع سینٹرل یونیورسٹی آف ساؤتھ بہار کے پی جی کے طلبہ کو عظیم پریم جی فاؤنڈیشن میں ملازمت ملے گی۔ سوموار کو عظیم پریم جی فاؤنڈیشن کی جانب سے سنٹرل یونیورسٹی آف ساؤتھ بہار میں مختلف مضامین میں پوسٹ گریجویٹ کورسز کرنے والے طلباء کے لیے ایک پلیسمنٹ ڈرائیو کا اہتمام کیا گیا۔ سی یو ایس بی کے پی آر او اور پلیسمنٹ آفیسر محمد مدثر عالم نے بتایا کہ اس سال پاس آؤٹ ہونے والے پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے پلیسمنٹ ڈرائیو کا انعقاد ہوا تھا۔ اس کا اہتمام وائس چانسلر پروفیسر کامیشور ناتھ سنگھ کی سرپرستی میں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:
کورونا وبا کے بعد اے ایم یو طلبہ کو ملازمت دینے پہنچی کمپنی
بائیو ٹیکنالوجی، لائف سائنس، کیمسٹری، فزکس، انوائرنمنٹل سائنس، ریاضی، شماریات، معاشیات، انگریزی، ہندی، تاریخ، سیاسیات، نفسیات، سماجی کام اور سماجیات جیسے مختلف کورسز کے تقریباً 100 پی جی طلباء نے پلیسمینٹ ڈرائیو میں حصہ لیا۔ حتمی منتخب امیدواروں کو کیمپس ایسوسی ایٹ کے عہدے پر 4.32 لاکھ روپے سالانہ کے ابتدائی پیکیج کے ساتھ دیگر اضافی فوائد جیسے طبی امداد، نقل مکانی کے اخراجات، انشورنس فری لون، گروپ ٹرم لائف انشورنس کے ساتھ ملازمت کی پیشکش کی جائے گی۔
پلیسمنٹ ڈرائیو میں حمد مظفر ایچ آر ٹیم عظیم پریم جی فاؤنڈیشن پیپل فنکشن کی شرکت ہوئی۔ اس دوران پی آر او محمد مدثر عالم نے عظیم پریم جی فاؤنڈیشن کی ریکروٹمنٹ ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور شرکت کرنے والے طلباء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ عظیم پریم جی فاؤنڈیشن ایک مشہور ادارہ ہے، اس لیے طلباء کے لیے ترقی کے امکانات روشن ہیں۔ پی آر او نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں بھی سی یو ایس بی کے بہت سے طلباء نے فاؤنڈیشن میں پلیسمنٹ حاصل کی ہے اور ادارے میں اہم عہدوں پر کام کر رہے ہیں۔
تقرری سے پہلے کی گفتگو میں محمد مظفر نے طلباء کا خیرمقدم کیا اور عظیم پریم جی فاؤنڈیشن اور اس کے دائرہ کار اور افعال کے بارے میں بتایا۔ مظفر کے خطاب کے بعد پلیسمنٹ ڈرائیو میں حصہ لینے والے طلباء نے ملازمت سے متعلق سوالات کیے اور اپنے شکوک و شبہات کو دور کیا۔ اس کے بعد طلباء نے انتخابی امتحان میں شرکت کی جو معروضی قسم اور وضاحتی سوالات پر مشتمل تھے۔ تحریری امتحان میں کارکردگی کی بنیاد پر، طلباء کو انٹرویو کے فائنل راؤنڈ کے لیے مزید منتخب کیا جائے گا۔
محمد مظفر نے کہا کہ منتخب طلباء کو اگست 2024 تک ممکنہ طور پر عظیم پریم جی فاؤنڈیشن میں بطور ایسوسی ایٹ شامل ہونا پڑے گا، جہاں ابتدائی تربیت کے بعد ان کی پوسٹنگ کی جگہ کے بارے میں بتایا جائے گا۔ ملازمت کی پیشکش کے مطابق، طلباء کو ایک سال کی پروبیشن مدت کے دوران اپنے سینئرز کی رہنمائی میں تربیت حاصل کرنی ہوگی۔