علی گڑھ:داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے سربراہ، 53 ویں داعیئ مطلق اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سابق چانسلر سیدنا مفضل سیف الدین کے تیسرے اور سب سے چھوٹے صاحبزادے شہزادہ حسین برہان الدین نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے طلباء و اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنے تعلیمی کاموں کو جاری رکھتے ہوئے تخلیق کائنات پر تفکر اور غور و فکر کریں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بار بار لوگوں سے کہا کہ وہ دنیا کی تخلیق کے اسباب پر غور کریں اور اس امکانات پر تحقیق کریں کہ اس دنیا کو انسانیت کے لیے کس طرح زیادہ سود مند بنایا جا سکتا ہے۔
یونیورسٹی کے تاریخی کینیڈی آڈیٹوریم میں شہزادہ حسین برہان الدین، سیدنا مفضل سیف الدین انسٹی ٹیوٹ آف فارمیسی“ کی سنگ بنیاد کی تقریب میں اساتذہ اور طلباء سے خطاب کر رہے تھے جسے سیدنا مفضل سیف الدین کے عطیہ سے تعمیر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو بلا وجہ پیدا نہیں کیا ہے بلکہ انسان کو تمام مخلوقات میں افضل بنایا ہے تاکہ وہ اللہ کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنائیں اور اس کی رحمتوں پر شکر ادا کریں۔
انھوں نے کہاکہ ہر تحقیق اور مطالعہ کا مقصد انسانیت کو فائدہ پہنچانا ہونا چاہئے۔ ایک محقق کے لیے ضروری ہے کہ وہ بیماریوں کا علاج تلاش کرنے کے لیے حکمت، علم اور عقل کا استعمال کرے، ساتھ ہی ساتھ اللہ کے انعامات و اکرامات پر یقین رکھے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے کوئی بیماری اس کے علاج کے بغیر پیدا نہیں کی ہے البتہ یہ تحقیق کرنے والوں کا کام ہے کہ وہ اس کا علاج تلاش کر یں۔
کردار سازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اور سیدنا مفضل سیف الدین کا پیغام پہنچاتے ہوئے شہزادہ حسین برہان الدین نے یونیورسٹی برادری پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے سبھی طبقات کے تئیں مثبت رویہ اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہم سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنے ملک کے تئیں وفادار رہیں اور اعلیٰ درجے کی حب الوطنی کے ساتھ اس کی خدمت کریں۔
انہوں نے کہا کہ اے ایم یو میں سیدنا مفضل سیف الدین انسٹی ٹیوٹ آف فارمیسی‘ کی جدید ترین عمارت کی تعمیر، سیدنا خاندان اور علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے درمیان قدیم رشتوں میں ایک اور سنگ میل ہے۔ یہ ادارہ تمام رکاوٹوں سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کرے گا۔
اپنے صدارتی کلمات میں اے ایم یو کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ یہ اے ایم یو کے لیے ایک تاریخی دن ہے کہ داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے روحانی سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین نے انسٹی ٹیوٹ آف فارمیسی کی عمارت کی تعمیر کے لیے امداد فراہم کی۔ اس قدم نے سیدنا خاندان اور اے ایم یو کے درمیان رشتوں کو مزید مستحکم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اے ایم یو میں دستیاب کورسز کی فہرست میں ایک اور بڑا اضافہ ہوگا۔طلباء کو انسٹی ٹیوٹ آف فارمیسی سے بہت فائدہ ہوگا۔
پروفیسر گلریز نے اے ایم یو کی ہمیشہ سرپرستی کرنے اور کووڈ 19 کے دوران مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کے لیے امداد فراہم کرنے پر سیدنا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔