پریاگ راج: ریاست اترپردیش کے پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) نے سابق رکن اسمبلی مرحوم اشرف کی اہلیہ کے مکان کو نوٹس جاری کرنے کے بعد منہدم کر دیا ہے۔ اشرف کے سسرال والوں پر وقف بورڈ کی زمین پر قبضہ کرکے مکان تعمیر کرنے کا الزام تھا۔
جمعرات کو پی ڈی اے کے بلڈوزر نے تقریبا 5 کروڑ کی مالیت کے عالیشان گھر کو مسمار کر دیا۔ اس کارروائی کے دوران پی ڈی اے کے افسران، ڈی سی پی دیپک بھوکر اور اے سی پی ورون کمار کے ساتھ کئی تھانوں کے دستے بھی موجود تھے۔
مرحوم اشرف کی بیوی زینب اور اس کے دو بھائی صدام اور زید ماسٹر پر وقف بورڈ کی تقریباً 7 بیگھہا اراضی پر ناجائز قبضہ کرنے کا الزام ہے۔ پی ڈی اے کی جانب سے پہلے ہی اس مکان کو مسمار کرنے کا نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔
زینب کا یہ رہائشی مکان پریاگ راج کے پورمفتی تھانہ علاقے کے سلہ پور علاقے میں واقع تھا۔ علاقے کے متولی کی شکایت کی بنیاد پر اشرف کی بیوی زینب اور اس کے بھائیوں صدام اور زید ماسٹر کے خلاف نومبر 2023 میں پورمفتی پولیس اسٹیشن میں وقف بورڈ کی زمین پر قبضے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
جس کے بعد گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے وقف بورڈ کی زمین پر ناجائز قبضہ کرکے بنائے گئے مکان کو سیل کر دیا تھا۔ اس گھر میں اشرف کی اہلیہ زینب رہتی تھیں اور اس پرتعیش گھر کی قیمت 5 کروڑ روپے تک بتائی جاتی ہے۔