پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں آج نئی حکومت کا کابینہ اجلاس منعقد ہوا۔ این ڈی اے اتحاد کے ساتھ حکومت کا یہ پہلا کابینی اجلاس ہوا جس میں متعدد اہم امور پر بات کی گئی ہے۔ کابینہ اجلاس کے بعد نائب وزرائے اعلی سمرات چودھری، وجے سنہا اور دیگر رہنما باہر نکلتے ہوئے دکھائی دیے۔ سمرات چودھری نے کہا کہ پہلے کابینہ اجلاس میں بہار کی ترقی اور دیگر اہم امور پر بات کی گئی ہے۔
بہار کی نئی تشکیل شدہ حکومت کے نائب وزیراعلی وجے سنہا نے کہا کہ "وزیر اعظم نریندر مودی بہار کی ترقی کے بارے میں بہت پر امید ہیں کیونکہ یہ ہندوستان کے ثقافتی ورثے کا دل ہے۔ ہندوستان تب تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک بہار ترقی اور خوشحال نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے رہنما ریاست میں ترقی کی شرح میں اضافہ، سماجی ہم آہنگی اور بہار کی ثقافت کے فروغ کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
وہیں دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اسمبلی اسپیکر اودھ بہاری چودھری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا نوٹس دیا ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر نند کشور یادو نے پیر کو اسمبلی اسپیکر اودھ بہاری چودھری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا نوٹس اسمبلی سکریٹری کو دیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اب ایوان کے اسپیکر اودھ بہاری چودھری پر عدم اعتماد ہے۔ عدم اعتماد کی تحریک کے نوٹس پر ہندوستانی عوام مورچہ ( ایچ اے ایم ) کے سربراہ جیتن رام مانجھی، سابق نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر تار کشور پرساد، جے ڈی یو کے رتنیش سدا اور کئی دیگر اراکین اسمبلی کے دستخط ہیں۔