کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے پارک اسٹریٹ آتشزدگی کا معاملہ ابھی ختم بھی نہیں ہوا تھا کہ جنوبی کولکاتا کے مصروف ترین علاقوں میں سے ایک قصبہ میں واقع مشہور شاپنگ مال میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آنے سے سنسنی پھیل گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ مال کی چار منزلہ فوڈ کورٹ میں لگی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ سیکورٹی اہلکار واقعے کے دوران اندر موجود افراد کو باہر نکالنے میں اہم رول ادا کیا۔
شاپنگ مال میں آتشزدگی کے سبب عمارت کی مختلف منزلیں دھوئیں کی لپیٹ میں آگئیں ۔ فائرفائٹر آکسیجن ماسک پہن کر مال میں داخل ہوئے اور مختلف دفاتر میں موجود لوگوں کو باہرنکالنے کا کام شروع کیا۔ کثیر المنزلہ مال میں کئی کمپنیوں کے دفاتر بھی ہیں۔