ممبئی: چند روز قبل ممبئی کے ملاڈ میں آن لائن آرڈر کی گئی آئس کریم میں انسانی انگلی کا ٹکڑا ملا تھا۔ ڈی این اے رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ انگلی پونے کی ایک آئس کریم فیکٹری میں کام کرنے والے اسسٹنٹ آپریٹر مینیجر اومکار پوٹے کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس آنند بھوٹے نے کہا کہ ڈی این اے رپورٹ میں یہ واضح ہو گیا ہیکہ آئس کریم میں ملنے والی انگلی اومکار پوٹے کی تھی۔
اومکار پوٹے پو نے میں فارچیون کمپنی میں اسسٹنٹ آپریٹر مینیجر ہیں۔ 11 مئی 2024 کو آئس کریم پیک کرتے ہوئے اومکار پوٹے کے دائیں ہاتھ کی ایک انگلی کٹ گئی اور پیکنگ کے دوران انگلی کا ایک ٹکڑا آئس کریم میں چلا گیا۔ پولیس نے ملازم کے ڈی این اے کے نمونے اور انگلی کے ٹکڑے کو جانچ کے لیے فرانزک لیب بھجوا دیا تھا۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد ممبئی پولیس نے فارچیون کمپنی کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کمپنی کے ذمہ دار عملے کو گرفتار کیا جائے گا۔