ممبئی: مہاراشٹر میں پہلی کابینہ کی توسیع ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کرنے کے بعد مہایوتی حکومت کی تشکیل کے چند دن بعد ہوئی۔ وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کی قیادت میں آج کابینہ کی توسیع کی گئی۔ اس دوران مہایوتی کے 39 ایم ایل ایز نے وزیر کے طور پر حلف لیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 19 ایم ایل اے، اجیت پوار کی این سی پی کے 9 اور ایکناتھ شندے کی شیو سینا کے 11 ایم ایل اے نے بطور وزیر حلف لیا۔
سب سے پہلے مہاراشٹر بی جے پی کے سربراہ چندر شیکھر باونکولے نے ناگپور کے راج بھون میں ریاستی حکومت میں کابینہ وزیر کے طور پر حلف لیا۔ اس کے بعد رادھا کرشن ویکھے اور این سی پی کے ایم ایل اے حسن مشرف نے بھی بطور وزیر حلف لیا اور بی جے پی لیڈر چندرکانت پاٹل نے بھی وزیر کے طور پر حلف لیا۔
ان کے علاوہ جن لوگوں کو فڑنویس کی کابینہ میں جگہ ملی ہے ان میں گریش مہاجن، گلاب راؤ پاٹل، گنیش نائک، دھننجے منڈے، منگل پربھات لودھا، ادے سمنت، شیوسینا کے ایم ایل اے دادا بھوسے اور سنجے راٹھوڑ کے نام شامل ہیں۔ اتنا ہی نہیں جے کمار راول، پنکجا منڈے، اتل سیو، سمبھوراج دیسائی، آشیش شیلر اور اشوک اوئیکے کو فڑنویس کی کابینہ میں جگہ ملی ہے۔
ناگپور میں حلف برداری کی تقریب:
حلف برداری کی تقریب ناگپور میں ہوئی۔ 1991 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب مہاراشٹر کے وزراء کی حلف برداری کی تقریب ناگپور میں منعقد ہوئی۔ مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن نے راج بھون میں نئے وزراء کو حلف دلایا۔ اس وقت ناگپور کے راج بھون میں 5 وزراء نے بطور وزیر حلف لیا تھا۔