جونپور:- مشہور و معروف ناظم مشاعرہ و آرٹسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بانی و صدر ہلال بدایونی ایک مشاعرے کے تعلق سے جونپور پہنچے تھے۔ جہاں ای ٹی وی بھارت اردو نے ہلال بدایونی سے اردو و مشاعرے کے گرتے ہوئے معیار کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی۔ جہاں ناظم مشاعرہ ہلال بدایونی نے مشاعرے کے گرتے ہوئے معیار کے بارے میں افسوس ظاہر کیا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ای ٹی وی بھارت کے ناظرین کے لئے چند منتخب اشعار بھی پیش کیئے۔
ای ٹی وی بھارت اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ناظم مشاعرہ ڈاکٹر ہلال بدایونی نے کہا کہ مشاعرہ تہذیب سیکھنے کے لئے ایک درسگاہ و مدرسہ ہے۔ مگر آج کہیں نہ کہیں خرابی ضرور پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے حوالے سے کہا کہ اس کے فوائد و نقصان دونوں ہے اور کہا کہ اگر تربیت و تعلیم شعراء کے اندر ہوگی تو وہ اپنے بڑوں کا ادب و لحاظ ضرور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشاعرہ نے ہمیشہ انسانیت کی بات کی ہے اور سیاست کی بھی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمانے کے لحاظ سے مشاعرہ اپڈیٹ ہوا ہے اب مشاعرے مہنگے بھی ہوئے ہیں اور جدید دور میں طور و طریقہ بھی تبدیل ہو گیا ہے۔ یہ کہنا غلط ہوگا کہ مشاعرے کا استعمال سیاسی لوگ کرنے لگے ہیں۔ ہلال بدایونی نے کہا کہ آج بھی شعراء کو عوام کی بات کہنے کی آزادی ہے کیونکہ شاعر وہی کہلاتا ہے جو عوام و سماج کی پریشانیوں کو اپنی شاعری کا موضوع بناتا ہے۔ ہاں کبھی کبھی حکومت کی طرف سے شکنجے ضرور ہوتے ہیں۔