نئی دہلی: دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ معاملے میں جمعہ کو سی بی آئی نے ایک ضمنی چارج شیٹ داخل کی ہے۔ راؤس ایونیو کورٹ میں داخل چارج شیٹ میں سی بی آئی نے بی آر ایس لیڈر کے. کویتا اور دیگر کو ملزم قرار دیا گیا ہے۔ کویتا ای ڈی اور سی بی آئی دونوں معاملات میں عدالتی تحویل میں تہاڑ جیل میں قید ہے۔ عدالت اس معاملے کی اگلی سماعت 6 جولائی کو کرے گی۔
اس سے پہلے 10 مئی کو ای ڈی نے شراب گھوٹالہ کیس سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں بی آر ایس لیڈر کے کویتا اور دیگر چار لوگوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔ ای ڈی نے 224 صفحات کی چارج شیٹ داخل کی ہے۔ کویتا، چن پریت سنگھ، دامودر شرما، پرنس کمار، اروند سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ای ڈی نے 15 مارچ کو کویتا کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد ای ڈی کویتا کے ساتھ دہلی آئی۔ یہاں کویتا کو راؤس ایونیو کورٹ میں پیش کرنے کے بعد ای ڈی نے اسے ریمانڈ پر لے لیا۔ ریمانڈ پر گھوٹالے سے متعلق پوچھ گچھ کے بعد عدالت نے کویتا کو تہاڑ جیل بھیج دیا تھا۔ کویتا تقریبا تین ماہ سے تہاڑ جیل میں بند ہے۔