ناگپور: ناگپور میں مرکزی وزیر نتن گڈکری اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران نتن گڈکری کی ریلی میں کچھ اسکولی طلبہ کے حصہ لینے پر کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈے نے الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے انکوائری کے بعد کارروائی کی ہدایت دی ہے۔
کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈے نے کہا کہ نتن گڈکری کی میٹنگ میں اسکولی طلباء کی شرکت پائی گئی ہے۔ اس معاملے میں الیکشن کمیشن نے اسکول کے خلاف بھی کارروائی کا حکم جاری کیا ہے۔ لیکن الیکشن کمیشن کی تجویز کردہ یہ کارروائی غلط ہے۔ امیدوار کے خلاف بھی کارروائی کی جانی چاہئے۔
کانگریس کے ترجمان اتل لونڈے نے الزام لگایا کہ نتن گڈکری کی جانب سے انتخابی مہم کے لیے اسکولی بچوں کا استعمال ماڈل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ اتل لونڈے نے 3 اپریل کو الیکشن کمیشن میں شکایت کی تھی۔ جس میں انہوں نے نتن گڈکری کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔