سلی گڑی/بانکورہ:مغربی بنگال کے باگڈوگرا اور بنکورہ اضلاع میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں 8 افراد ہلاک اور 14 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کئی یاتری درشن کے لیے شیو مندر جا رہے تھے۔ خبر کے مطابق، باگڈوگرا میں مونی ٹی اسٹیٹ کے قریب آج (12 اگست) صبح ایک خوفناک سڑک حادثے میں ایک شہری رضاکار سمیت 6 یاتری ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، مہلوکین کی شناخت پرہلاد رائے (28) ، گوبند سنگھ (22)، املیش چودھری (20)، کنک برمن (22)، پرنب رائے اور پداکانت رائے (28) کے طور پر کی گئی ہے۔
سڑک حادثہ کے وقت موقع پر موجود ہری پدا برمن نامی یاتری نے بتایا کہ وہ گاؤں کے کچھ لوگوں کے ساتھ جنگلی بابا کے مندر میں پوجا کرنے جا رہے تھے۔ اسی دوران قومی شاہرہ 31 پر ایک فور وہیلر کے ڈرائیور نے اپنا کنٹرول کھو دیا اور پیچھے سے عقیدت مندوں کی بھیڑ کو ٹکر مار دی۔ جس میں پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو نارتھ بنگال میڈیکل کالج اور اسپتال لے جایا گیا، جہاں ایک اور زخمی شخص نے دم توڑ دیا۔
اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سلی گوڑی سب ڈویژنل کونسل کی اسسٹنٹ چیئرپرسن روما ریشمی ایکا موقع پر پہنچ گئیں۔ انہوں نے اس سڑک حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی دارجلنگ کے ایم پی راجو بستا نے بھی اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔