لکھنؤ: سال 2025 میں حج پر جانے کے خواہشمند لوگوں کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ ختم ہو گئی ہے۔ اتر پردیش حج کمیٹی کے سکریٹری ایس پی تیواری نے کہا کہ حاجیوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے حج کمیٹی آف انڈیا نے درخواست کی تاریخ میں تین بار توسیع کی تھی۔ آخری تاریخ 30 ستمبر 2024 تک تھی۔ اب اس کے بعد کوئی نئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔
ایس پی تیواری نے مزید کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے قبل ازیں درخواست کی آخری تاریخ 9 ستمبر 2024 کا اعلان کیا تھا۔ اسے 23 ستمبر تک بڑھا دیا گیا۔ اس کے بعد اسے بڑھا کر 30 ستمبر کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ حج کمیٹیوں، سرکاری اور غیر سرکاری اداروں اور پاسپورٹ دفاتر میں تعطیلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اس سال 17,120 لوگوں نے ہی حج 2025 کے لیے رجسٹریشن کرایا ہے۔
عازمین حج کی تعداد ہر سال گھٹ رہی ہے
اعداد و شمار کے مطابق، اتر پردیش سے 9500 حاجی کورونا کے دور میں حج پر گئے۔ اس وقت سعودی حکومت نے بہت سی پابندیاں عائد کر رکھی تھیں۔ اس کی وجہ سے صرف اتر پردیش سے تقریباً 9500 ہزار لوگ ہی سفر پر جا سکے۔ سال 2022 میں اتر پردیش سے تقریباً 28000 حاجی حج پر گئے، جب کہ 2023 میں 19500 حاجی اتر پردیش سے حج پر گئے۔ اس سال سب سے کم عازمین حج نے حج 2025 کے لیے درخواستیں دی ہیں۔