نئی دہلی:جسٹس سوارنا کانتا شرما نے اپنے حکم میں کہا کہ "اسلام کے پانچ ستونوں میں سے ایک حج ہے۔ اسلامی عقیدے میں حج کی بہت زیادہ اہمیت ہے اور یہ ہر مسلمان کے لیے ایک مذہبی فریضہ ہے"۔ دراصل سید ابو الاعلیٰ کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے سیکشن 21 (سی) کے ساتھ سیکشن 29 کے تحت مجرم قرار دیا گیا تھا جس میں انہیں 11 سال 6 ماہ قید بامشقت اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ سید ابو الاعلیٰ کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے سیکشن 25 اے کے تحت مزید قصوروار ٹھہرایا گیا تھا اور انہیں 5 سال قید اور 50,000 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
حج سویدھا ایپ کے ان فیچرز سے ملے گی عازمین حج کو مدد
سید ابو الاعلیٰ نے تقریباً 10 سال 3 ماہ جیل میں گزارے اور جرمانہ بھی ادا کیا۔ ان کی سزا 2011 میں اس شرط کے ساتھ معطل کر دی گئی تھی کہ وہ دہلی نہیں چھوڑیں گے اور اپنا پاسپورٹ سونپ دیں گے۔ پراسیکیوشن نے اس بنیاد پر درخواست کی مخالفت کی کہ سید ابو الاعلیٰ کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت سنگین جرم میں سزا سنائی گئی ہے اور ان کی اپیل ایک طویل عرصہ سے زیر التوا ہے۔
درخواست کو منظور کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ قانون کے مطابق ان کے پاس سید ابو الاعلیٰ کو پاسپورٹ جاری کرنے یا تجدید کرنے کے مقصد سے استثنیٰ دینے یا کوئی اعتراض نہ کرنے کا اختیار ہے۔ انہیں راحت دیتے ہوئے، جسٹس شرما نے ہدایت دی کہ سید ابو الاعلیٰ کے پاسپورٹ کو پاسپورٹ آفس کے ذریعہ قوانین کے مطابق ری نیو کرایا جائے۔ غور طلب ہے کہ درخواست گزار کی عمر تقریباً 73 سال ہے اور انہوں نے حج کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے جو کہ مسلم عقیدے میں ایک اہم فریضہ ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت حج کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے انہیں مذہبی فریضہ کو پورا کرنے کے لیے سہولت فراہم کرنا اور اس کے قابل بنانا ضروری سمجھتی ہے۔