نئی دہلی: دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ نے تہاڑ جیل کے متعلقہ سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ عام آدمی پارٹی کے رہنما سنجے سنگھ کو 19 مارچ 2024 کو پارلیمنٹ میں راجیہ سبھا رکن کی حیثیت سے حلف لینے کے لئے مناسب سیکورٹی کے تحت لے جانے کو یقینی بنائیں۔ سنجے سنگھ اس وقت عدالتی حراست میں ہیں اور انہیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہلی ایکسائز پالیسی سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا جو اب ختم کی گئی۔
خصوصی جج ایم کے ناگپال نے 16 مارچ 2024 کو دیے گئے ایک حکم میں کہا کہ پارلیمنٹ لے جانے کے دوران ملزم سنجے سنگھ کو موبائل فون استعمال کرنے، کسی دوسرے ملزم اور اس کیس کے مشتبہ گواہ کے ساتھ بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اور سنجے سنگھ کو پریس سے خطاب کرنے یا کوئی عوامی میٹنگ کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ عدالت نے کہا ہے کہ "تاہم انہیں اس دورے کے دوران اپنے وکیل کے ساتھ ساتھ اپنے خاندان کے افراد سے ملنے کی اجازت دی جا سکتی ہے"۔
اس سے قبل فروری میں عدالت نے بھی اس مقصد کے لیے اجازت دی تھی لیکن بعض وجوہات کی بنا پر ان سے حلف نہیں لیا جا سکا تھا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق سنجے سنگھ اس وقت 2021-22 کی پالیسی کی مدت سے متعلق دہلی شراب گھوٹالے سے پیدا ہونے والے جرم کی آمدنی کو حاصل کرنے، رکھنے، چھپانے، پھیلانے اور استعمال کرنے میں ملوث تھے۔ اس معاملے میں بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) ایم ایل سی کے کویتا کو بھی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے گرفتار کیا تھا اور متعلقہ عدالت نے بی آر ایس رہنما کویتا کو 23 مارچ 2024 تک حراستی ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔