نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی بننے کے بعد آتشی نے آج پہلی بار وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ یہ ایک رسمی ملاقات بتائی جا رہی ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور نائب صدر جگدیپ دھنکھر سے ملاقات کی تھی۔
میٹنگ کے بعد، وزیر اعلی نے ٹویٹ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی، میں دارالحکومت کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے مرکز اور دہلی حکومت کے درمیان مکمل تعاون کی امید کرتی ہوں۔
دراصل، آتشی نے 21 ستمبر کو دہلی کے وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ وہ دہلی کی تیسری خاتون وزیر اعلیٰ ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ اب تک دہلی کی تینوں خواتین وزرائے اعلیٰ میں سب سے کم عمر خاتون وزیر اعلیٰ ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے 21 ستمبر آتشی کو دہلی کے آٹھویں وزیر اعلی کے طور پر حلف دلایا۔ تاہم، ان کی مدت کار مختصر ہوگی کیونکہ قومی دارالحکومت میں آئندہ برس فروری میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔