ممبئی: اداکار اور بگ باس کے مدمقابل اعجاز خان کی اہلیہ پھلن گلی والا کو جمعہ کو کسٹم ڈپارٹمنٹ نے منشیات کے معاملے میں گرفتار کر لیا ہے۔ ایک افسر نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ کسٹمز کے اہلکاروں نے جمعرات کو مغربی مضافاتی علاقے جوگیشوری میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور 130 گرام چرس ضبط کی۔
8 اکتوبر کو محکمہ کسٹمز نے اعجاز خان کے دفتر میں کام کرنے والے چپراسی کو کورئیر سروس کے ذریعے بیرون ملک سے 100 گرام میفیڈرون منگوانے پر گرفتار کیا۔ کسٹم افسر نے بتایا کہ کیس میں تفتیش کے دوران گلی والا کا کردار سامنے آیا، انہوں نے کہا کہ مزید تفتیش جاری ہے۔
اعجاز خان کو خود 2021 میں منشیات کے ایک مبینہ کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گرفتار کیا تھا۔ تاہم بعد میں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ انہوں نے حال ہی میں ممبئی کے ورسووا سے مہاراشٹر اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا، لیکن بری طرح ہار گئے۔ انہیں صرف 155 ووٹ ملے۔
اعجاز نے نگینہ کے ایم پی چندر شیکھر آزاد کی آزاد سماج پارٹی کی جانب سے الیکشن لڑا تھا، لیکن اعجاز خان کو اتنے کم ووٹ ملے کہ ان کی چاروں طرف سے بے عزتی ہوئی۔ اعجاز خان کے سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز ہیں لیکن پھر بھی انہیں اس کا کوئی فائدہ نہیں ملا۔