پلوامہ (جموں کشمیر):عوام کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانے اور غریب لوگوں کو طبی امداد و فوائد پہنچانے کے لیے ’’سیوک ایکشن‘‘ کے تحت مختلف پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے وادی کشمیر میں سی آر پی ایف کی جانب سے میڈیکل کیمپوں کے انعقاد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اسی ضمن میں سی آر پی ایف کی180 اور 130 بٹالین کی جانب سے جنوبی کشمیر کے ڈانگر پورہ، اونتی پورہ میں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
طبی کیمپ میں معاشرے کے مختلف طبقہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی اور طبی جانچ سے مستفید ہوئی۔ طبی معائنہ کے بعد لوگوں میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئی۔ مقامی لوگوں نے اس کیمپ کو منعقد کرانے پر سی آر پی ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’’علاقہ چونکہ انتہائی پسماندہ ہے اور اسی لیے ایسے کیمپ منعقد کرانے سے یہاں کی عوام کو بڑی حد تک فائدہ ملےگا۔‘‘ مقامی باشندوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کیمپ مستقبل میں بھی منعقد ہونے چاہئیں۔