کولکاتا:کانگریس انڈیا اتحاد کے معاملے میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اگرچہ ٹی ایم سی انڈیا اتحاد کی شریک ہونے کا دعویٰ تو کرتی ہے لیکن اس نے کانگریس کے ساتھ مل کر لوک سبھا انتخابات لڑنے سے انکار کر دیا تھا۔
کانگریس کے سینئر لیڈروں کی کوششوں کے باوجود ممتا بنرجی نے مغربی بنگال کی 42 لوک سبھا سیٹوں کے لیے سیٹوں کی تقسیم کی تمام تجاویز کو مسترد کر دیا تھا۔اس وقت کانگریس کے پاس پرانی حلیف بائیں محاذ کی جماعتوں کے ساتھ انتخابی معاہدہ کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔ تاہم ممتا بنرجی نے انتخابات سے قبل کچھ اشتعال انگیز بیانات دیئے تھے ۔ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ کانگریس قومی سطح پر بی جے پی کو ہرانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی ہے ۔کانگریس 40 سیٹیں بھی نہیں جیت پائے گی۔ بعد میں انہوں نے اپنا موقف بدل لیا اور انڈیا اتحاد کی حمایت میں بات کرنا شروع کر دی۔
تاہم اس سب کے دوران اے آئی سی سی کے عہدیدار ممتا بنرجی کو ممکنہ اتحادی قرار دینے کے بارے میں محتاط تھے۔ مغربی بنگال کانگریس کے سربراہ ادھیر رنجن چودھری انتخابی مہم کے دوران ممتا بنرجی پر باقاعدگی سے حملہ کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں انڈیا اتحاد کی جیت کے امکانات روشن ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ نے اپنا موقف بدل لیا ہے۔