لکھنؤ: اقلیتی کانگریس کے ریاستی صدر شاہنواز عالم نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت میں کہا کہ یوگی حکومت کا فروٹ اسٹال فروشوں کی مذہبی شناخت ظاہر کرنے کا حکم خلاف آئین ہے، جس پر سپریم کورٹ نے پابندی لگا دی تھی۔ یہ آئین کی بالادستی کو قائم کرنے والا فیصلہ تھا۔ جس کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینا چاہیے تھا یا بی جے پی کو انھیں ہٹا دینا چاہیے تھا۔ لیکن بی جے پی نے انہیں نہیں ہٹایا کیونکہ وہ آئین مخالف تھے۔
شاہنواز عالم نے کہا کہ اقلیتی کانگریس پوری ریاست میں پھلوں کی گاڑیوں بالخصوص کانوڑ یاترا کے راستے پر آئین کے تمہید کی کاپی لگائے گی اور یہ پیغام دے گی کہ کانگریس بی جے پی حکومت کی تقسیم کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ تبھی ہم معاشرہ کامیاب بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی دلتوں، پسماندہ طبقات اور مسلمانوں کے سیاسی اتحاد سے خوفزدہ ہے اور اسے توڑنے کے لئے ہی اس طرح کے آئین کے خلاف کام کررہی ہے۔