نئی دہلی: کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے سرکردہ لیڈر آنجہانی کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن سے نوازے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں سماجی انصاف کا عظیم لیڈر قرار دیا اور آج ان کی صد سالہ یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ راہل گاندھی نے کہا، "میں سماجی انصاف کے سرخیل جننائک کرپوری ٹھاکر جی کو صد سالہ یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ وہ یقیناً ہندوستان کے ایک قیمتی گوہر ہیں اور انہیں بعد از مرگ بھارت رتن دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے"۔
انہوں نے بی جے پی حکومت پر بھی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کی جانب سے 2011 میں کی گئی سماجی اور اقتصادی مردم شماری کے نتائج کو چھپانا اور ملک گیر مردم شماری کے تئیں ان کی بے حسی سماجی انصاف کی تحریک کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ 'شراکت پر مبنی انصاف'، بھارت جوڑو نیاے یاترا کے پانچ عزائم میں سے ایک اور سماجی مساوات کا مرکزی نقطہ ہے جو ذاتوں کی مردم شماری کے بعد ہی شروع ہو سکتا ہے۔
راہل گاندھی نے کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن سے نوازے جانے کو صحیح قدم قرار دیتے ہوئے کہا، 'حقیقی معنوں میں یہ قدم جننائک کرپوری ٹھاکر جی اور پسماندہ اور محروم طبقوں کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد کو سچا خراج عقیدت بھی ہوگا۔ ملک کو اب ’علامتی سیاست‘ کی نہیں ’حقیقی انصاف‘ کی ضرورت ہے۔