نئی دہلی:قومی دارالحکومت نئی دہلی میں لوک سبھا انتخابات کے پش نظر سیاسی گہماگہمی زور شور سے جاری ہے۔ ایسے میں مسلم اکثریتی علاقوں میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے منتخب کردہ امیدوار جے پرکاش اگروال کو لے کر عوام کی کیا رائے ہے اس پر ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے مختلف لوگوں سے بات کی اور معلوم کیا کہ وہ انڈیا الائنس کے ذریعے منتخب کیے گئے امیدوار سے مطمئن ہیں یا انہیں مسلم چہرے کی امید تھی۔
ترکمان گیٹ کے رہنے والے محمد ندیم نے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا الائنس میں دہلی میں چار سیٹیں عام ادمی پارٹی کی جھولی میں گئی تو تین سیٹوں پر کانگرس نے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا لیکن یہ بڑے شرم کی بات ہے کہ کسی نے بھی ایک بھی مسلم امیدوار کو اپنا امیدوار نہیں بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی جہاں ہندو عوام کو مسلمانوں کا ڈر دکھا کر ووٹ مانگتی ہے وہیں کانگرس مسلمانوں کو ہندوؤں کا ڈر دکھا کر وہ حاصل کرنا چاہتی ہے یہ تمام سیاسی جماعتیں ڈر کی ہی سیاست کرتی ہیں۔