کولکتہ: دہلی میں کانگریس رہنماؤں کے متنازع بیانات کے بعد، عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سربراہ اروند کیجریوال نے ملک کی اہم اپوزیشن جماعت کو انڈیا اتحاد سے باہر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اس معاملے پر کچھ بھی کہنے سے گریز کرتی نظر آئیں۔ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ بنرجی نے دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ کیجریوال کے بیان کی نہ تو حمایت کی اور نہ ہی مخالفت کی۔
جمعرات کو، کولکتہ کے ریاستی سکریٹریٹ نبنا میں صحافیوں کے ذریعہ جب اس معاملے پر پوچھا گیا، تو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا، "یہ ایک سرکاری فورم ہے، یہاں میں سیاسی مسائل پر بات نہیں کر سکتی، میں تمام سیاسی جماعتوں کا احترام کرتی ہوں، میں انہیں نئے قدم اٹھانے کی ترغیب دیتی ہوں۔ میں انہیں نیے سال کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ ان کے لیے نیا سال محفوظ اور خوشگوار گزرے۔"
تنازع سے دور رہتے ہوئے ٹی ایم سی سربراہ نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک ساتھ آگے بڑھنے کا پیغام دیا۔ حال ہی میں کچھ اپوزیشن جماعتوں نے ممتا بنرجی کو انڈیا الائنس کی قیادت کرنے کی حمایت کی تھی۔ لیکن، کانگریس نے واضح کر دیا تھا کہ راہل گاندھی اپوزیشن کے لیڈر ہیں۔
غور طلب ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ان معاملات کو بڑی مہارت سے ٹال رہی ہیں۔ تاہم سیاسی حلقوں کا خیال ہے کہ ان کے بیان کے ذریعے معاملے میں توازن پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔