میرٹھ: ریاست اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں آج 14 نومبر پنڈت جواہر لال نہرو کی یوم پیدائش کی مناسبت سے منسوب یوم اطفال پورے جوش خروش کے ساتھ منایا گیا، جس میں بچوں کے لیے مختلف اقسام کی کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹال لگانے کے ساتھ بچوں کے لیے کھیل کود کا بھی انتظام کیا گیا۔ وہیں دوسری جانب طلباء میں تعلیم کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر میرٹھ میں مختلف تعلیمی اداروں میں کہیں چلڈرن فیسٹ کا اہتمام کیا گیا توکہیں ماہرین کے ذریعے تعلیم کی اہمیت کو بھی بیان کیا گیا.
اسی تعلق سے آج میرٹھ گرلز انٹر کالج کے بانی حامد علی کے نام سے حامد علی نیشنل ایوارڈ سے ملک کے معروف شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی کو اعزاز سے نوازا گیا. اس موقع پر نواز دیوبندی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت سب سے زیادہ اہمیت اگر کسی چیز کی ہے تو وہ تعلیم ہے. نئی نسل کو تعلیم کی اہمیت بتانے کے ساتھ ان کے لیے معیاری تعلیمی اداروں کا قیام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کا مستقبل روشن بنایا جا سکے.