کولکاتا:مغربی بنگال میں لوک سبھا انتخابات کی گہماگہمی اپنی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ تشہیری مہم کے ساتھ ساتھ امیداروں کی نامزدگیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی درمیان بی جے پی نے کولکاتا جنوب اور بشیرہاٹ سے ترنمول امیدواروں کی نامزدگی میں سنگین بے ضابطگیوں کا الزام لگایا ہے۔
بی جے پی کے مطابق ترنمول کے ان دو امیدواروں یعنی مالا رائے اور حاجی نورالاسلام کی نامزدگی میں قانون اور انتخابی ضابطوں کی تعمیل نہیں کی گئی۔ اس لئے بی جے پی نے ان دو ترنمول امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کولکاتا بی جے پی کے جنرل سکریٹری جگن ناتھ چٹرجی نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔