بنگلورو: کانگریس حکومت نے 500 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی دو ایکڑ اراضی محکمہ اقلیتی بہبود کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا۔ جس پر بی جے پی نے جمعرات کو سدارامیا کی قیادت والی کرناٹک حکومت پر لینڈ جہاد میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔ بنگلورو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما (ایل او پی) آر اشوکا نے کہا ہے کہ "اگر خالی زمین دی جاتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ لیکن حکومت محکمہ حیوانات سے متعلق زمین کو حوالے کر رہی ہے"۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر آر اشوکا نے کنڑ میں لکھا اور اس پوسٹ کا عنوان "کانگریس سرکاردا لینڈ جہاد" رکھا۔ انہوں نے پوسٹ میں مزید کہا ہے کہ "مسٹر وزیراعلی سدارامیا کیا مسلمانوں کی خوشنودی کی کوئی حد نہیں ہونی چاہیے؟ آپ بنگلورو کے قلب میں واقع دو ایکڑ زمین مسلمانوں کو حیوانات کے محکمہ سے متعلق الاٹ کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’سرکاری ویٹرنری اسپتال جو گائے اور دوسرے جانوروں کا علاج کر رہا تھا اسے بند کرکے مسلمانوں کے حوالے کرنے کی کیا ضرورت تھی''؟۔