نئی دہلی: تمل ناڈو کے وزیر انیتھا رادھا کرشنن پر وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی نے انڈیا بلاک اور ڈی ایم کے پر سخت تنقید کی اور کہا کہ اپوزیشن اتحاد انڈیا بلاک کا ضمیر "مر چکا" ہے۔ بی جے پی کی تمل ناڈو یونٹ کے صدر کے اناملائی نے الزام عائد کیا کہ ڈی ایم کے لیڈر اپنے "غیر اخلاقی رویے" میں ایک نئی نچلی سطح پر پہنچ گئے ہیں اور کہا کہ ان کی پارٹی اس معاملے کو الیکشن کمیشن اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے ساتھ اٹھائے گی اور "سخت ترین اور فوری طور پر" رادھا کرشنن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرے گی۔
ڈی ایم کے لیڈر کے ریمارکس کی مبینہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے بی جے پی کی تمل ناڈو یونٹ نے الزام عائد کیا کہ رادھا کرشنن نے ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ کے کنیموزی اور دیگر لوگوں کی موجودگی میں مودی کے بارے میں "ناگوار بات" کی۔ اور الزام عائد کیا کہ یہ ریاست میں حکمراں جماعت کے "بے ہودہ سیاسی کلچر" کی عکاسی کرتا ہے۔
قومی دارالحکومت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے وزیر اعظم کے خلاف رادھا کرشنن کے ریمارکس کی سخت مذمت کی اور کہا کہ جمہوریت میں "ایسی زبان" کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ ٹھاکر نے بی جے پی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "جب انسان پر تباہی آتی ہے تو سب سے پہلے ضمیر مرتا ہے۔ 'انڈی الائنس' میں شامل لوگوں کا ضمیر مر چکا ہے۔"