کولکاتا: سرکاری ذرائع کے مطابق ریاستی پولیس اس حملے کی تحقیقات کر رہی ہے جس میں این آئی اے کی گاڑی میں توڑ پھوڑ کی گئی اور ایک افسر زخمی ہوگیا۔ تحقیقاتی ایجنسی نے بھوپتی نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔
ذرائع کے مطابق این آئی اے نے دیر رات چھاپہ مارا اور دھماکہ کیس میں دو مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کر لیا۔ کار سے واپسی کے دوران این آئی اے ٹیم پر مشتعل ہجوم نے حملہ کردیا اور پتھراؤ کرکے ونڈ اسکرین کو توڑ دیا۔ ایک اہلکار سر پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوا۔این آئی اے نے ترنمول کارکنوں مونوبرت جانا اور بالائی چندر میتی کو گرفتار کیا جنہیں آج خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ این آئی اے 22 دسمبر 2022 کو ہوئے دھماکے کے معاملے میں کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد تحقیقات کر رہی ہے، جس میں ترنمول لیڈر ابھیشیک بنرجی کی میٹنگ کے ایک دن پہلے ٹی ایم سی کے ایک کارکن سمیت تین لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ریاستی پولیس نے کہا کہ یہ واقعہ موقع پرفورسز کی ایک ٹکڑی کے پہنچنے سے پہلے پیش آیا کیونکہ وفاقی ایجنسی تلاشی آپریشن کے بارے میں بتائے بغیر چھاپہ مارنے چلی گئی تھی۔
این آئی اے نے الزام لگایا کہ دھماکے میں ملوث ہونے کے الزام میں کل آٹھ ملزمین نے جب دو بار جاری کئے گئے سمن کا کوئی جواب یا ردعمل نہیں دیا تو چھاپہ ماراگیا۔