تھانے: مہاراشٹر کے تھانے ضلع کے بدلاپور میں دو لڑکیوں کے مبینہ جنسی استحصال کا معاملہ سامنے آنے کے بعد مشتعل لوگوں نے منگل کو شدید احتجاج کیا۔ اس دوران لوگوں نے ممبئی جانے والی ٹرین کو روک دیا۔ صبح 8 بجے کے قریب احتجاج کے باعث اپ اور ڈاؤن روٹس پر ٹرینوں کی آمدورفت متاثر رہی۔ اس دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے ریلوے اسٹیشن پر بھاری تعداد میں ریلوے پولیس فورس کو تعینات کیا گیا۔ مشتعل ہجوم نے اسکول میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ اس اسکول میں توڑ پھوڑ کرنے والوں میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھیں۔ انہوں نے اسکول کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔
کافی کوشش کے بعد پولیس نے ریلوے ٹریک کو خالی کرایا۔ احتجاج کرنے والے لوگوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی گئی۔ پولیس نے بدلاپور ریلوے اسٹیشن پر جمع مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مظاہرے کے دوران بھیڑ نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔