مرادآباد: شعبان کی پندرہویں شب کو شب برات کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس شب میں اللہ تعالی اپنے بندوں کو جہنم سے نجات دلاتا ہے اور ہر مصیبت زدہ انسان کی مصیبتوں کو دور فرماتا ہے اور رزق میں وسعتیں عطا فرماتا ہے۔ علماء فرماتے ہیں کہ شب برات میں ہر انسان کو چاہیے کہ وہ اللہ تعالی کی عبادت میں مشغول رہے، نوافل ادا کرے، اللّٰہ تبارک و تعالیٰ سے اپنا رزق طلب کرے اور ذکر و اذکار میں اس شب کو گزارے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ اس شب میں شریعت کے مطابق قبرستان جائیں اور اپنے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کرے۔
گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی شب برات کے موقع پر مرادآباد کی عیدگاہ کے وسیع میدان میں تنظیمِ فیضانِ مصطفٰی کی زیرِ نگرانی میں ایک شاندار اجلاس کا اہتمام کیا گیا۔ شب برات کے موقع پر مرادآباد ہی نہیں بلکہ آس پاس کے اضلاع سے بھی ہزاروں لوگ اس جلسے میں شامل ہوتے ہیں اور علماء کی نورانی تقاریر کو سماعت فرماتے ہیں۔
تنظیم فیضان مصطفی کے صدر حاجی محمد ارشد حسین نے جلسے سے متعلق مزید معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 28 سالوں سے ہر سال شب برات کے موقع پر تنظیم فیضان مصطفی کی زیر نگرانی عظمت اسلام کانفرنس کے نام سے ایک شاندار جلسے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس سال بھی یہ جلسہ عید گاہ کے میدان میں کیا گیا۔