گیا:ریاست بہار کے شہر گیا سے متصل گیا پٹنہ روڈ پر واقع بیتھو شریف میں حضرت سید شاہ غلام قطب ربانی علیہ الرحمہ کا سالانہ عرس انتہائی تزک واحتشام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ عرس کے موقعے پر ضلع کے گردو نواح کے علاوہ دوسری ریاستوں سے مریدن اور عقیدت مندوں نے حاضری دی۔ عرس میں سیاسی وسماجی رہنماوں کے ساتھ ساتھ دانشور بھی موجودگی تھے۔ بالخصوص عرس کے موقع پر مقامی رکن اسمبلی و محکمہ کوآپریٹیو کے سابق ریاستی وزیر ڈاکٹر سریندر یادو نے پہنچ کر مزار پر چادر پوشی کی اور اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
خانقاہ کے سجادہ نشیں پیر طریقت حضرت سید شاہ خالد قادری اشرفی کی سرپرستی میں عرس کی تمام تقریبات انجام پائی، پیر طریقت حضرت سید شاہ خالد قادری اشرفی نے بتایا کہ کل بعد نماز فجر قرآن خوانی سے عرس کا آغاز ہوا تھا۔ یہ سلسلہ عصر کی نماز تک جاری رہا، افطار کے بعد میلادلنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد ہوا۔ اس کے بعد آستانہ میں واقع بزرگوں کی مزار پاک پر چادر چڑھائی گئی۔ فاتحہ خانی کے لیے عقیدت مندوں کا جلوس نکلا جو مزار مقدس پر پہنچا۔یہاں چادر پوشی اور فاتحہ خوانی ہوئی۔
اس موقعے پر ہوئی محفل سماں میں دیوہ شریف اترپردیش سے آئے خانقاہی قوالوں کی پیشکش ہوئی۔ اس سے قبل خانقاہ کی جانب سے سابق ریاستی وزیر ڈاکٹر سریندر پرساد یادو کا پگڑی باندھ کر استقبال کیا گیا۔اس موقع پر محفل میلادالنبی میں معروف خطیب حضرت مولانا سید عفان جامی ناظم اعلی جامعہ برکات منصور پیر منصور نے عظمت اولیاء کے عنوان پر پر مغز خطاب فرماتے ہوئے کہاکہ بزرگوں سے عقیدت ہوگی تو آپ سے اچھے کام زیادہ ہوں گے۔ ان بزرگوں کے آستانے سے ہمیں انسانیت ہمددری اخلاق محبت بھائی چارے کا پیغام ملتا ہے۔ان کی حیات وخدمات سے جینے کا سلیقہ اور اچھے اعمال کرنے کا طور طریقہ ملتا ہے لیکن شرط ہے کہ پوری عقیدت ہو تبھی آپ برائیوں سے دور ہوں گے۔صوم وصلاة کے پابند ہوںگے۔ علماء سے قربت ہو اور برائیوں کو ترک کرنا ہوگا۔