امراوتی: لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے کے لیے 9 ریاستوں اور ایک یونین ٹریٹری کی 96 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ چوتھے مرحلے میں آندھرا پردیش کی 15 لوک سبھا اور 175 اسمبلی سیٹوں کے لیے بھی ووٹنگ ہو رہی ہے۔ آندھرا پردیش میں جاری پولنگ کے دوران وائی ایس آر سی پی کے ایم ایل اے شیو کمار کا ووٹنگ کے دوران ایک ووٹر پر حملہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس واقعے کے بعد الیکشن کمیشن نے ایم ایل اے شیوکمار کو پولنگ ختم ہونے تک ہاؤس اریسٹ میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ دراصل پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالنے پہنچے شیوکمار نے لائن میں لگے ایک ووٹر کو تھپڑ جڑ دیا۔ وہیں جواب میں ووٹر نے بھی ان پر ہاتھ اٹھا دیا، پھر کیا تھا ایم ایل اے کے حامیوں نے اس ووٹر کے ساتھ جم کر مارپیٹ کی۔
دراصل، تینالی اسمبلی حلقہ سے YSRCP ایم ایل اے شیو کمار پولنگ بوتھ پر پہنچے تھے۔ اس دوران انہوں نے قطار میں کھڑے لوگوں کو پیچھے چھوڑ کر پولنگ بوتھ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس پر ایک عام ووٹر نے انہیں لائن میں انتظار کرنے کو کہا، کیونکہ کئی ووٹر ووٹ ڈالنے کے لیے کافی دیر سے انتظار کر رہے تھے، اس پر ایم ایل اے بھڑک گئے اور جواب میں ووٹر کو تھپڑ مار دیا۔ اس کے بعد ووٹر نے بھی YSRCP تینالی ایم ایل اے پر جوابی حملہ کیا۔ اس کے بعد رکن اسمبلی شیوکمار کے حامی اس ووٹر پر پل پڑے اور اس کے ساتھ جم کر مارپیٹ کی۔ اس واقعے کے بعد الیکشن کمیشن بھی حرکت میں آ گیا ہے۔ ای سی نے ووٹنگ ختم ہونے تک ملزم ایم ایل اے کو گھر میں نظربند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ خاقابل ذکر ہے کہ انتخابات میں اپنی شکست کے خوف سے وائی ایس آر سی پی لیڈروں اور کارکنوں پر ریاست میں تشدد، دھمکیاں دینے اور لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ آندھرا پردیش میں چند واقعات کے علاوہ اب تک ووٹنگ پرامن طریقے سے ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صبح 11 بجے تک ریاست میں کل 18.81 فیصد ووٹنگ ہوئی۔