اے ایم یو کی تسنیم کاؤس نے جے اینڈ کے سول سروسز (جوڈیشل) امتحان میں ٹاپ کیا علیگڑھ: جموں اینڈ کشمیر کے ضلع سری نگر کی رہائشی، علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں زیر تعلیم قانون فیکلٹی کی طالبہ تسنیم کاؤس نے جموں اینڈ کشمیر سول سروسز (جوڈیشیل) امتحان 2023 میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے جس سے قانون فیکلٹی میں خوشی کی لہر ہے۔ جموں اینڈ کشمیر سول سروسز (جوڈیشیل) امتحان 2023 کے انٹرویو میں 208 امیدواروں میں سے کل 69 امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے۔ جس میں تسنیم کاؤس بنت جنید احمد کاؤس رہائشی سری نگر، رول نمبر 9100730، نمبر 628 حاصل کرکے ٹاپ کیا ہے۔ تسنیم اے ایم یو سے ایل ایل ایم کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
'اے ایم یو انتظامیہ بی جے پی لیڈران کے دباؤ میں کام کر رہا ہے' - PROTEST at amu
یونیورسٹی پراکٹر و قانون فیکلٹی کے پروفیسر محمد وسیم علی نے تسنیم کاؤس کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا، انہوں نے بتایا کہ کل ہی امتحان کا رزلٹ آیا ہے اور آج صبح ہی مجھے معلوم چلا کہ ہمارے شعبہ کی ایل ایل ایم کی طالبہ تسنیم کاؤس نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تسنیم کاؤس نے اے ایم یو کے داخلہ امتحان میں بھی ٹاپ کیا تھا، وہ ایک ذہین اور ریگولر طالبہ ہے، اس کامیابی سے تسنیم کاؤس دیگر طلباء کے لیے رول ماڈل بن گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محنت کبھی خراب نہیں جاتی ہے اگر طلباء ایمانداری سے محنت کریں اور ایک ٹارگیٹ رکھیں تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے قبل بھی ہمارے طلباء نے مختلف امتحانات میں کامیابی حاصل کرکے یونیورسٹی کا نام روشن کیا ہے۔ فی الحال تسنیم کاؤس اپنے گھر سری نگر ہیں، ان کا امتحان سینٹر سری نگر تھا۔ ان کے اے ایم یو آنے پر فیکلٹی کے طلباء اور اساتذہ ان کا شاندار استقبال کریں گے۔